ساڑھے 5 کروڑ پاکستانی بجلی سے محروم ہیں، چیئرمین نیپرا کا انکشاف

Feb 13, 2023 | 12:27 PM

ایک نیوز: آج کے دور میں ساڑھے پانچ کروڑ پاکستانیوں کے بجلی سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی ںے انکشاف کیا ہے کہ ابھی تک ساڑھے پانچ کروڑ پاکستانی بجلی سے محروم ہیں۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے انکشاف کیا کہ 26 فیصد پاکستانیوں کو ہم آج تک بجلی فراہم نہیں کر سکے، اس کا مطلب ساڑھے 5 کروڑ پاکستانی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اگر بجلی نہیں تو ان لوگوں کے پاس میڈیکل، صاف پانی اور تعلیم کی سہولیات بھی نہیں، لوگ پیسے دینے کو تیار ہیں لیکن ہم ان کو بجلی نہیں دے پارہے، کیوں کہ ساڑھے پانچ کروڑ لوگوں کو بجلی پہنچانے کا کوئی ڈسٹری بیوشن سسٹم نہیں ہے۔

توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ ملک میں 43 ہزارمیگا واٹ بجلی ہونے کے باوجود کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جب وقت تھا تب ہم نے بجلی کنزرویشن (محفوظ) پر زور نہیں دیا، ہميں غلطی کو سدھارنے کی ضرورت ہے تاکہ غلطی دوبارہ نہ ہو۔

چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ غلط ہوگا کہ بجلی موجود ہے اور ڈیمانڈ کم کردو، اس وقت بجلی کی ڈیمانڈ اور اکانومی دبی ہوئی ہے امید ہے جلد معاملات بہتر ہو جائيں گے، بہتر ہے ہم گرین انرجی پر چلے جائیں، ڈسکوز 17 فیصد کے قریب نقصان دیتے ہیں، 10 فیصد نقصان بجلی چوری کی وجہ سے اٹھانا پڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں