ایک نیوز: لاہور ہائی کورٹ نے اردو زبان کو تمام سرکاری اداروں میں نافذ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں ایک ماہ کے اندر نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اردو زبان کے بطور سرکاری زبان کے نفاذ کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس رضا قریشی نے اردو زبان کے نفاذ کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے اُردو زبان کو تمام اداروں میں نافذ کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ حکومت ایک ماہ میں اردو زبان کے نفاذ کو یقینی بنائے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود اردو زبان کا کیوں نہیں نفاذ کیا گیا؟ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اطلاق لازمی ہے اور ہر صورت ہوگا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرکے رپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائے۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
درخواستگزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ سپریم کورٹ نے اردو زبان کو بطور سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے تمام سرکاری اداروں میں اردو زبان نافذ کرنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود حکومت نے اُردو زبان کے نفاذ کیلئے اقدامات نہیں کیے۔ درخواستگزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت حکومت کو اردو زبان کے تمام اداروں میں نفاذ کا حکم دے۔