پی ایس ایل افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز شہدا کو خراج عقیدت پیش کرے گی

Feb 13, 2023 | 10:22 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز  پولیس کے شہدا کو   خراج عقیدت پیش کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق ملتان اسٹیڈیم میں  پاکستان سپر لیگ 8 کا افتتاحی میچ   لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جانا ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ پولیس شہدا کے بچوں کو سلام پیش کریں گے جس کے لیے لاہور قلندرز  نے  پولیس شہدا کے 50 بچوں کو میچ کے لیے مدعو کیا ہے۔پولیس شہدا کے بچے عمران خان انکلوژر  میں میچ دیکھیں گے۔

میچ سے قبل ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہو گی۔پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ 8 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے پرفارمرز نے فل ڈریس ریہرسل کرلی ہے۔ تقریب کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی  جبکہ پی ایس ایل 8 کا نغمہ گانے والے گلوکاروں کے علاوہ آ ئمہ بیگ اور ساحر علی بگا بھی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ملتان اسٹیڈیم کے گیٹ دوپہر دو بجے کھول دیے جائیں گے۔اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہو گی جبکہ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔ 

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے وہ بہت پرجوش ہیں اور ایونٹ میں اچھی شروعات کریں گے ۔ کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کے ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کریں۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور حارث بہترین باؤلرز ہیں ان کے خلاف حکمت عملی بنا کر دلیری سے کھیلنا ہوگا۔

مزیدخبریں