لاہور: لوڈر رکشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، ماڈل روڈز پر داخلہ بند

Dec 13, 2024 | 14:17 PM

ویب ڈیسک:شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ماڈل روڈز پر لوڈر رکشوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔

سی ٹی او لاہور نے شہر میں لوڈر رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دیدیا۔

مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور کینٹ سمیت دیگر ماڈل روڈز پر لوڈر رکشوں کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، اب آہنی راڈ، سریا، ٹی آئرن، بانس و دیگر سامان باڈی سے باہر لوڈ کرنے پر چالان اور پرچہ دونوں ہوں گے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ سریا، ٹی آئرن سے لوڈڈ رکشے چلتی پھرتی موت ہیں، آہنی سامان سے لدھے رکشوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیگر شہریوں کے لئے انتہائی خطرناک ہے، رواں سال 43 ہزار سے زائد لوڈر رکشوں کے چالان، 94 مقدمات درج کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اب چالان نہیں، پرچہ ہی کٹے گا، ڈرائیور کے ساتھ ساتھ رکشہ مالک کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ اوورلوڈنگ کرنے والے ڈرائیورز کے لائسنس بھی کینسل کرنے کا حکم دیا ہے، کوئی بھی رکشہ مالک، ڈرائیور مقررہ حد اور لوڈ سے تجاوز نہ کرے، علامہ اقبال روڈ، جی ٹی روڈ، فیروزپور روڈ، ملتان روڈ اور شاہدرہ پر خصوصی ناکہ جات قائم ہیں، لوڈر گاڑیوں کو ہیڈ و بیک لائٹس، ریفلیکٹرز لگانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ مہلک حادثات کے پیش نظر ایسی وہیکلز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنا ہوگا، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سرکل افسران کی نگرانی میں 08 سینئر وارڈنز اور 24 وارڈنز بھی تعینات ہیں۔

مزیدخبریں