منتقلی کے منتظر افغان باشندوں کے قیام میں 29 فروری تک توسیع، نگران کابینہ کے اہم فیصلے

afghan immigrants
کیپشن: afghan immigrants
سورس: google

ایک نیوز : وفاقی کابینہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، نگران کابینہ نے دیگر ممالک میں منتقلی کے منتظر افغان باشندوں کے قیام میں 29 فروری تک توسیع کی منظوری دے دی۔ نگران کابینہ نے ملک کی پہلی اسپیس پالیسی کی منظوری دے دی۔  

رپورٹ کےمطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارتی سپریم کورٹ کے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے حوالے سے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا۔

نگران وفاقی کابینہ نے انگیج افریقہ پالیسی کے تناظر میں جمہوریہ گیمبیا اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مابین باہمی سیاسی تبادلہءخیال پر مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے کنٹریکٹ کی فوری تنسیخ اور تادیبی کارروائی کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان میں مقیم ایسے افغان باشندے جن کا پاکستان کے علاوہ کسی تیسرے ملک میں انخلاءہونا ہے، کہ قیام میں 31 دسمبر 2023 سے 29 فروری 2024 تک توسیع کر دی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد قیام کرنے والے افغان باشندوں کو 400 ڈالر تک جرمانہ ہو سکے گا۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی ”نیشنل اسپیس پالیسی“ کی منظوری دے دی۔ پالیسی کے تحت پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیوں کو لو آربٹ سیٹلائٹ کے ذریعے صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ پالیسی کے تحت نہ صر ف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہوگی بلکہ معاوضے کی مد میں باہر جانے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جاسکے گا۔ اس حوالے سے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ پالیسی کے تحت نہ صرف پاکستان میں بین الاقوامی سطح پر رائج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریگولیٹری رجیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے بلکہ سپارکو میں تحقیق و ترقی کے لیے فنڈز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ بحری امور کی سفارش پر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی فی الفور اپنے ادارے کو واپسی اور ادارے میں سامنے آنے والی بدانتظامی کی تحقیقات کی بھی منظوری دی۔ نئے ایم ڈی کی تعیناتی تک ریئر ایڈمرل شاہد احمد، ڈی جی آپریشنز پورٹ قاسم اتھارٹی کو اضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی تاہم ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین اور ریگولیشنز سے متعلق پورے نظام کا جائزہ لیں تاکہ مستقبل کے لئے اس مسئلے کا ایک جامع حل تلاش کیا جاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فارما انڈسٹری ترقی کرے تاہم قیمتوں اور ادویات کے معیار کے حوالے سے عوام کا مفاد مقدم ہوگا۔ کابینہ نے ڈرگ پالیسی میں ترمیم کے لیے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے فیصلوں کی توثیق کی جس کے تحت  سائبر کرائمز کے تدارک، پراسیکیوشن اور فیصلہ سازی سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور ٹیلی کام ٹریبیونل قائم کیے جائیں گے۔