ایک نیوز نیوز: 32 اضلاع کی 7 میونسپل کارپوریشنز، 48 میونسپل کمیٹیز اور 597 کونسلز کی مخصوص نشستوں کیلئے منتخب کونسلرز ووٹ ڈالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں مخصوص بلدیاتی نشستوں پر امیدواروں کے چناؤ کیلئے الیکشن کل (بدھ کو) ہوگا۔الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں کل بدھ 14 دسمبر 2022ء کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ صبح 8 سے 5 بجے تک ہوگی، ان انتخابات میں بلوچستان کے 32 اضلاع کی 7 میونسپل کارپوریشنز، 48 میونسپل کمیٹیز اور 597 کونسلز کی مخصوص نشستوں کیلئے منتخب کونسلرز ووٹ ڈالیں گے۔ انتخابات کیلئے 32 ڈی آر اوز، 131 آر اوز، 145 اے آر اوز، 597 پریذائیڈنگ آفیسرز، 597 پولنگ آفیسرز خدمات سر انجام دینگے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 32 اضلاع میں خواتین کی 2082 مخصوص نشستوں میں سے 768 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکی ہیں۔ 19 نشستیں خالی رہ گئی ہیں اور 1295 نشستوں پر پولنگ ہوگی، کسانوں کی 902 مخصوص نشستوں میں سے 412 بلامقابلہ منتخب جبکہ 10 نشستیں خالی رہ گئی ہیں اور 480 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
مزدوروں کی 902 مخصوص نشستوں میں سے 408 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے، 6 نشستیں خالی رہ گئی اور 488 نشستوں پر پولنگ ہوگی، اسی طرح اقلیتوں کی 902 مخصوص نشستوں میں سے 146 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے 709 خالی ہیں جبکہ 47 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔