ایک نیوز نیوز: سٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کہنی کی سرجری کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس پہنچ گئے۔ انگلینڈ کیمبرج میں سپورٹس سرجن ڈاکٹر علی شیر باجوہ نے ارشد ندیم کی سرجری کی۔
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم وطن واپسی پر اپنے گھر میاں چنوں روانہ ہوگئے۔ ارشد ندیم دس سے 12 روز گھر میں گذاریں گے۔ ارشد ندیم گھر میں قیام کے دوران ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق مختلف ورزشیں کریں گے۔ 12 روز بعد ارشد ندیم لاہور میں اپنے کوچ سلمان بٹ کہ زیر نگرانی بحالی پروگرام شروع کریں گے۔
لاہور میں ڈاکٹر ہاشم کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ ارشد ندیم کے بحالی پروگرام کی نگرانی کریں گے۔15 جنوری سے ارشد ندیم کوچ سلمان بٹ کی زیر نگرانی آٹھ ہفتے کا اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ پروگرام شروع کریں گے۔ ارشد ندیم کا اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ پروگرام 10 مارچ کو مکمل ہوگا۔
اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ پروگرام مکمل ہونے کے بعد ارشد ندیم تکنیک پر کام شروع کریں گے۔ اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تعاون کرنے اور سرجری کروانے پر صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن جنرل اکرم ساہی کا شکر گذار ہوں۔ قوم سے اپیل ہے کہ میرے لیے دعا کریں۔ مکمل فٹ ہوکر جلد ایکشن میں نظر آؤں گا۔