تعلیمی نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

تعلیمی نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
کیپشن: The decision on the request to include the Holy Quran with translation in the educational curriculum is reserved(file photo)

ایک نیوز نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے صوبے میں پرائمری سے کالج تک نصاب میں قرآن پاک بمعہ ترجمہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سندھ میں پرائمری سے کالج تک نصاب میں ترجمے کیساتھ قرآن پاک شامل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار وکیل نے مؤقف دیا کہ پنجاب اسمبلی نے صوبے میں قرآن پاک نصاب میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ سندھ میں بھی پنجاب کی طرز پر قرآن پاک کو نصاب میں شامل کیا جائے۔

درخواست گزار وکیل نے موقف دیا کہ صوبے میں تعلیمی نصاب میں قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دی جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا پڑھانا ہے، یہ طے کرنا حکومت اور اسمبلی کا کام ہے۔ ہم کیا قانون سازی کے لئے بھی ہدایت جاری کریں؟ کل آپ کہیں گے شہریوں کا ڈریس کوڈ بھی طے کیا جائے۔ آپ حکم کریں کہ شہری کون سا لباس پہنیں گے اور کون سا نہیں۔ انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کا رول آئین میں واضح ہے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔