سدھیر چودھری: داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے واپڈا اور متحدہ کوہستان جرگہ کے مابین معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ جس کے تحت واپڈا کوہستان کے تینوں اضلاع میں مزید ترقیاتی سکیمیں عمل میں لائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی عمائدین داسو پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے تاخیر کا شکار 132کے وی ترسیلی لائن پر فوری کام بحال کرائیں گے اور اِس کی بلا تعطل تکمیل یقینی بنائیں گے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر امیر مقام، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)، کمشنر ہزارہ، جرگہ کے ارکان اور واپڈا کے سینئر آفیسرز شریک ہوئے۔
واپڈا، سول انتظامیہ اور اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولائی پاس کوہستان کے تین اضلاع سے تعلق رکھنے والے مقامی عمائدین پر مشتمل متحدہ کوہستان جرگہ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
معاہدے کا مقصد مقامی آبادی کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے واپڈا کی جانب سے متعدد ترقیاتی سکیموں کا اجراء اور عملدرآمد ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اِس معاہدے کی بدولت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران مسلسل اور مستحکم بجلی کی فراہمی کے لئے طویل عرصہ سے تاخیر کا شکار دبیر ہائیڈل پاور سٹیشن سے داسو تک 132 کلو واٹ ترسیلی لائن پر تعمیراتی کام فوری طور پر بحال ہو جائے گا۔
کوہستان کے تینوں اضلاع میں اِن ترقیاتی سکیموں کے عوض مقامی لوگ مذکورہ ترسیلی لائن کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے اور اِس کی بلا تعطل تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔
معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)، کمشنر ہزارہ ڈویژن مطاہر زیب، متحدہ کوہستان جرگہ کے ارکان اور واپڈا کے سینئر آفیسرز شریک ہوئے۔
معاہدہ کی رُو سے واپڈا اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت تینوں اضلاع میں سول انتظامیہ اور مقامی لوگوں کی مشاورت اور معاونت سے ترقیاتی سکیمو ں پر عملدرآمد کرے گا۔ واپڈا کوہستان کے ہر ضلع میں پن بجلی کے چھوٹے منصوبے تعمیر کرے گا،ہر ضلع میں اِن پن بجلی منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3 میگاواٹ ہوگی۔
واپڈا ہر ضلع میں ایک ایک ہائی سکول اور ایک ایک ووکیشنل ٹریننگ سنٹر بھی تعمیر کرے گا۔ واپڈا سیو کے مقام پر اَپر کوہستان میں ہائی سکول کی عمارت کو از سر نو تعمیر کرے گا۔ اِسی طرح تینوں اضلاع میں مقیم بجلی کے صارفین کے 31دسمبر2022ء تک واجبات کی پیپکو کو ادائیگی، درجہ چہارم کی ملازمتوں پر مقامی افراد کی بھرتی، دیگر ملازمتوں میں مقامی افراد کی ترجیح، پٹن سیری اور پالس سیری میں دبیر خواڑ کی ترسیلی لائن کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی جبکہ کیال خواڑ اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے متاثرین کے لئے ہاؤس ہولڈ پیکج بھی مذکورہ معاہدے کے اہم نکات میں شامل ہیں۔
معاہدہ کی رُو سے مقامی عمائدین دبیر خواڑ ہائیڈل پاور سٹیشن سے داسو تک 132کلو واٹ ترسیلی لائن پر فوری تعمیراتی کام بحال کرائیں گے اور اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اِس ترسیلی لائن کی تکمیل تک تعمیراتی کام بلا تعطل جاری رہے۔
4ہزار 320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ خیبر پختونخواہ کے ضلع اَپر کوہستان میں دریائے سندھ پر زیر تعمیر ہے۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اِس وقت واپڈا اِس کے پہلے مرحلے کی تعمیر میں مصروف ہے، پہلے مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2ہزار 160میگاواٹ ہے اور یہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً 12ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا۔
دوسرے مرحلے کی پیداواری صلاحیت بھی 2ہزار 160 میگاواٹ ہے اور یہ اپنی تکمیل پر نیشنل گرڈ کو مزید 9ارب یونٹ پن بجلی مہیا کرے گا۔
دونوں مراحل کی تکمیل کے بعد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیت 4ہزار 320میگاواٹ ہو جائے گی اور یہ 21 ارب بجلی یونٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان کا سب سے زیادہ سالانہ یونٹ مہیا کرنے والا منصوبہ بن جائے گا۔