کراچی: سفاک شوہر نے پہلی بیوی کیساتھ ملکر دوسری اہلیہ کو قتل کردیا

Dec 13, 2022 | 09:35 AM

ایک نیوز نیوز: کراچی فریئر میں سفاک شوہر نے پہلی بیوی اور سالی کے ساتھ مل کر دوسری اہلیہ کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے فریئر تھانے کی حدود سے گزشتہ رات 27 سالہ خاتون عمیرا کی لاش جناح اسپتال لائی گئی تھی، مقتولہ عمیرا کی لاش اس کا شوہر خرم خالد اسپتال لایا اور پھر اسٹریچر پر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

جناح اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی اطلاع فریئر پولیس کو دی گئی جس پر تحقیقات شروع کی گئیں۔ 

فریئر پولیس تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر اندر حقائق تک جا پہنچی۔

پولیس ذرائع کے مطابق عمیرا کو قتل کیا گیا تھا اور قتل کی اس واردات میں مقتولہ کا شوہر، اس کی پہلی بیوی اور سالی ملوث تھی۔

پولیس کی جانب سے مقتولہ عمیرا کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو تکنیکی ذرائع کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ دہلی کالونی کے رہائشی ہیں۔

ترجمان کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان کی شناخت خرم خالد مسیح، فائزہ خرم اور ماہ جبین دختر شریف رضا کے نام سے ہوئی ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے پہلے مقتولہ کو بیہوشی کا انجکشن لگایا اور پھر مقتولہ کے ہاتھ پکڑ کر منہ پر تکیہ رکھ کر سانس بند کرکے قتل کیا، قتل کے بعد ملزم خرم خالد مقتولہ کی لاش کو جناح اسپتال لایا اور ڈاکٹر سے خاتون کی وجہ موت پیٹ میں درد بتا کر فرار ہوگیا۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کیلئے ملزمان کو شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا۔

مزیدخبریں