ویرات کوہلی کا رونالڈو کو زبردست خراج تحسین

ویرات کوہلی کا رونالڈو کو زبردست خراج تحسین
کیپشن: Virat Kohli's Tribute to Ronaldo(file photo)

ایک نیوز نیوز: قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں گزشتہ دنوں مراکش نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور ساتھ ہی رونالڈو کے ورلڈکپ جیتنے کا خواب بھی چکنا چور کر دیا۔

پرتگال کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو میچ ختم ہوتے ہی روتے ہوئے گراؤنڈ سے روانہ ہوئے، رونالڈو کی رونے کی ویڈیو نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو افسردہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویرات کوہلی نے سوشل میڈیا پر رونالڈو کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کیا۔

ویرات کوہلی نے لکھا کہ 'کوئی ٹرافی یا  ٹائٹل آپ سے وہ کچھ نہیں چھین سکتا جو آپ نے اس کھیل اور دنیا بھر میں موجود مداحوں کے لیے کیا ہے'۔

انہوں نے لکھا کہ کوئی ٹائٹل اس بات کی وضاحت نہیں کر سکتا کہ آپ نے لوگوں پر کیا اثر ڈالا ہے، جو ہم سب لوگ آپ کو کھیلتے ہوئے دیکھ کر محسوس کرتے ہیں، یہ خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے، یہ ایک ایسے شخص کے لیے نعمت ہے جو ہر بار اپنے دل سے کھیلتا ہے، یہ محنت اور لگن کی اعلیٰ مثال ہے جو ہر کھلاڑی کے لیے مثالی نمونہ ہے۔

ویرات کوہلی نے رونالڈو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ میرے لیے سب سے عظیم کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رونالڈو نے ورلڈکپ کا سفر ختم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنا بیان جاری کیا تھا۔

رونالڈو نے سوشل پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'پرتگال کے لیے ورلڈ کپ جیتنا میرے کیریئر کا سب سے بڑا خواب تھا، خوش قسمتی سے میں نے پرتگال سمیت بین الاقوامی مقابلوں میں بہت سے ٹائٹل جیتے لیکن اپنے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتنا میرا سب سے بڑا خواب تھا'۔