ایک نیوز:وزیر اطلاعات عطاتارڑکا کہنا ہے کہ آج رات12بجے پاکستان کی ویزا پالیسی کا اجراءکیا جا رہا ہے، دنیا کے 126 ممالک کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ویزا دینے کا عمل انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، پاکستان کے لئے ویزا 90 دن کے لئے ہوگا، 126 ممالک کے لوگ ایک سادہ فارم پُر کر کے آسانی سے ویزا حاصل کر سکیں گے،ویزا فارم میں صرف 30 سوالات ہیں جن کا جواب دینے پر فوری طور پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ملک خوبصورت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک سے سیاح یہاں آئیں، اللہ تعالیٰ نے ہمارے ملک کو ہر نعمت سے نوازا ہے، خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا، پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھولے جا رہے ہیں،ملک بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں جشن آزادی کا ایک بڑا ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے،وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان پہلا ڈرون شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 500 ڈرون ایف نائن پارک میں نظر آئیں گے، یہ غیر سیاسی تقریب ہے، صرف پاکستان کا پرچم ہوگا۔