ایک نیوز: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز قومی ہیرو ارشد ندیم کے گاؤں پہنچ گئیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دینے ان کے آبائی گاوں101پندرہ ایل پہنچی، وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کو حکومت پنجاب کی جانب سے10کروڑ روپے کا چیک دیا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز آدھا گھنٹہ قیام کے بعد روانہ ہو گئیں۔
وزیراعلی پنجاب نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو 10 کروڑ کا چیک اور ایک گاڑی کا انعام دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ ارشد ندیم کو ملنے والی گاڑی کا نمبر ارشد نے جو اولمپکس میں سیکور کیا ہے وہ الاٹ کیا جائے ۔
وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم اوران کی فیملی سے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو کی والدہ کو گلے لگا کر مبارک باد دی ، مریم نواز نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ارشد ندیم پر ہمیں بہت فخر ہے ، ارشد ندیم جیسے کھلاڑی ہماری قوم کا سرمایہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ہمراہ تھیں۔
خیال رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو ملاقات کے لیے بلا لیا ہے،اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارشد نعیم کے لیے انعام کا اعلان متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ارشد ندیم کی بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کریں گے ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں آج شام استقبالیہ دیا جائے گا، تقریب میں سابق اولمپینز وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
ارشد ندیم اور اسکی فیملی کو پروٹوکول کے ساتھ لایا جائے گا ،عشائیہ میں شرکت کے لئے بذریعہ جہاز اسلام آباد پہنچیں گے، ارشد ندیم اور انکے اہلخانہ وزیراعظم کے طیارے میں آئیں گے۔