نامزد نگران وزیراعظم کابطور سینیٹر، پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونےکا فیصلہ  

Aug 13, 2023 | 19:22 PM

ایک نیوز:نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ۔
نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  سینیٹ سے مستعفی ہونےکے فیصلےکی تصدیق کی ۔انہوں نے کہا کہ اب چونکہ ان کی ذمہ دار ی ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضہ پورا کرنا ہے، اس لیے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران  وزیراعظم کا حلف کل اٹھائیں گے، حلف برداری کے بعد نگران کابینہ کا فیصلہ کیا جائےگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی طرف سے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتماد  ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے، آئینی طریقہ کار  پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام  پر اتفاق ہوا، راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انوارالحق کاکڑ پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہیں، امید ہے انوارالحق کاکڑ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

مزیدخبریں