ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ انوارالحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہیں، امید ہے کہ وہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب خوش آئند ہے، آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھاکہ 16 ماہ میں ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو جس معاشی استحکام سے ہم کنار کیا ہے، امید ہے اس کا تسلسل جاری رہے گا، ترقی، تعمیر اور معاشی بہتری کا تسلسل یقینی بنانا پاکستان اور عوام کی بہتری کے لئے ضروری ہے، دعا گو ہوں کہ نگران وزیراعظم اور ان کی کابینہ عوام اور آئین کی توقعات پر پورا اتریں۔