یومِ آزادی کےموقع پر ملک کے قابلِ فخر غازی کاقوم کو خصوصی پیغام

ایک نیوز: غازیانِ وطن کو سلام،یومِ آزادی کے موقع پر ملک کے قابلِ فخر غازی کی داستان اور قوم کو خصوصی پیغام،حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمد کا کہنا ہے کہ آج بھی اگر ملک یا پاک فوج کو میری ضرورت پڑتی ہے تو میں تیار ہوں،14 اگست ہمارے وطنُ کی آزادی کا دن ہے اور اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،آزادی کی قدر وقیمت کا اندازہ ان سے پوچھیں جن کو یہ نصیب نہیں۔

 تفصیلات کے مطابق تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی اس ملک پر کٹھن وقت آیا، ہمارے جوانوں نے لبیک کہا،ایسی ہی بہادری کی داستان حوالدار ریٹائرڈ غازی حوالدارظہور احمد کی ہے،حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمد کا تعلق اوکاڑہ سے ہے۔

ملک کے لیے عظیم کارنامہ سرانجام دینے والے حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمد نے اپنی داستان سناتے ہوئے کہا کہ30 اپریل 2014 کو میں بطورِ پارٹی کمانڈر اپنی ٹیم کے ہمراہ گشت پر تھا،سوات کے علاقے چار باغ کے قریب ہم نے ایک دہشتگرد کو اسلحے کے زور پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنائے ہوئے دیکھا،میں نے فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے رائفل کا بٹ مار کر دہشتگرد کو نیچے گرایا،میں نے دیکھا کہ دہشتگرد نے قمیض کے نیچے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے،میرا مقصد اس وقت صرف اور صرف عورتوں اور بچوں کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانا تھا۔
حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمدنے کہا کہ میں اسے روک رہا تھا اور وہ دھماکا کرنے کے درپہ تھا،مجھے میری شہادت یقینی نظر آنے لگی،میری وردی بھی مجھے یہی سکھاتی ہے کہ جب بھی ملک و قوم پر مشکل وقت آئے قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے،جیسے ہی عورتوں اور بچوں کا انخلاء ہوا، اللّٰہ کی کرنی میں نے وہاں سے نیچے سیڑھیوں پر چھلانگ لگائی،میرے چھلانگ لگانے کے فوری بعد ہی دہشتگرد نے خود کو اڑا لیا، جس سے میں سیڑھیوں کی آڑ میں آگیا،میری اس کارکردگی کی بنا پر 23 مارچ 2016 کو حکومتِ پاکستان نے مجھے ستارۂ بسالت سے نوازا۔

حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمد نے مزید کہا کہ میرے اندر اب بھی وہ جذبہ موجود ہے جو میں نے دہشتگرد کو قابو کر کے اس کا حملہ ناکام بنایا تھا،آج بھی اگر ملک یا پاک فوج کو میری ضرورت پڑتی ہے تو میں تیار ہوں،14 اگست ہمارے وطنُ کی آزادی کا دن ہے اور اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،آزادی کی قدر وقیمت کا اندازہ ان سے پوچھیں جن کو یہ نصیب نہیں،آزاد اور خودمختار مملکت کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کا ہر دم شکر گزار ہونا چاہیے۔

حوالدار ریٹائرڈ ظہور احمد غازی کی خدمات اور وطن سے محبت کا جذبہ موجودہ نسل کے لئے مشعلِ راہ ہے۔