شام کےسفارت خانےکاایئر کموڈور (ر) ستار علوی کیلئےتمغہ شجاعت کااعزاز

ایک نیوز: جمہوریہ شام کے سفارت خانے نے پاک فضائیہ کے ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) ستار علوی کو 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران بہترین خدمات سرانجام دینے پر اعزاز سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق شامی عرب فضائیہ کی جانب سے اور  حکومت شام کی ہدایات پر شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الرعی نے ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) ستار علوی کو شام کا تمغہء شجاعت عطا کرنے کے ساتھ ساتھ  تعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔

26 اپریل 1973 کو پاک فضائیہ کے بہادر سپوت فلائٹ لیفٹیننٹ ستار علوی نے شامی فضائیہ کا مگ-21 لڑاکا طیارہ اڑاتے ہوئے اسرائیلی میراج طیارہ مار گرایا اور تاریخ  میں اپنا نام سنہری حروف میں رقم کیا۔ فلائٹ لیفٹیننٹ ستار علوی کے 23سیکنڈ کے اس فضائی معرکے نے شام کی فضائی حدود کے دفاع میں پاکستانی پائلٹس کی بہادری اور مہارت کو اجاگر کیا۔ان فضائی معرکوں نے جہاں فوری جوابی کاروائی، تزویراتی سوچ اور فضائی مہارت کی اہمیت کو نمایاں کیا وہیں اس فضائی جنگ کے نتائج نے ایک برادر اسلامی ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور اس کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی پائلٹس کی ہمت اور عزم کو بھی اجاگر کیا۔

حکومتِ شام کی جانب سے یہ اعزاز بلاشبہ پوری پاکستانی قوم کے لیے قابلِ فخر بات اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔