نگران وزیراعلیٰ سندھ کون؟فیصلہ نہ ہو سکا

Aug 13, 2023 | 12:24 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان ہونے والی دوسری ملاقات میں بھی صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی رعنا انصار کا کہنا تھا آج ہماری دوسری ملاقات تھی، کوشش ہے کہ ایسا نام سامنے آئے جو سندھ کے عوام کے لیے کام کر سکے۔

رعنا انصار کا کہنا تھا نگران وزیراعلیٰ کے لیے درجنوں نام تھے، ناموں پر مشاورت کے لیے وقت درکار ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے جو نام دیے ہیں اس پر مشاورت کریں گے، جی ڈی اے کی جانب سے بھی نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام ہیں، کوشش ہو گی کہ کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے۔

 رعنا انصار کا کہنا تھا ہماری لیڈر شپ مشاورت کے بعد کل نام دے گی، جو نام لیڈر شپ ہمیں دے گی وہ ہم کل پیش کریں گے، کل وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہو گی اور امید ہے کل نام فائنل ہو جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا نگران وزیراعلیٰ کے لیے جو بھی نام ہیں سب قابل احترام ہیں، جتنے یہاں مائیک لگے ہیں اتنے نام دیے گئے ہیں، اگر کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔

یاد رہے کہ  اپوزیشن کی جانب سےیونس ڈھاگا، شعیب صدیقی اور صفدر عباسی کے نام سامنے آئے تھے،پیپلز پارٹی کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام سامنے آیا تھا۔

واضح  رہے کہ سندھ اسمبلی گزشتہ جمعے کو تحلیل کر دی گئی تھی جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ زیر غور ہے، گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان مشاورت ہوئی تھی تاہم کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا تھا۔

مزیدخبریں