ایک نیوز :سعودی عرب نے پہلی مرتبہ فلسطین میں اپنا سفیر مقرر کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ نائف السدیری کو بطور سفیر مقرر کرنے کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خبروں سے تعلق نہیں ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس کے مشیر برائے سفارتی امور ماجدی الخالدی نے سعودی سفیر نائف السدیری کی اسناد وصول کیں۔ سفیر نائف السدیری نے اپنی سفارتی اسناد اردن میں قائم فلسطینی سفارتخانے میں صدارتی مشیر ماجدی الخالدی کو پیش کیں۔
سعودی عرب حکام کے مطابق نائف السدیری فلسطین میں غیر رہائشی سفیر کے فرائض سرانجام دیں گے۔فلسطین کے صدارتی مشیر نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے فلسطین میں نان ریزیڈنٹ سفیر کا تعینات کیا جانا دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور اقوام کو مزید مضبوط کرے گا۔
نائف السدیری نے کہا کہ یہ تقرری شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اس خواہش کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے بھائیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور اسے تمام شعبوں میں باضابطہ فروغ دینا چاہتے ہیں۔