سالک شاہ: رواں سال سندھ میں ہونے والی سب سے بڑی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
سندھ پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوری کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ جس کے قبضہ سے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے نقدی اور دیگر زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی عارف عزیز نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ سال 2022 کی سب سے بڑی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جس کے قبضے سے 2 کروڑ 75 لاکھ نقدی سمیت کروڑوں روپے مالیت کے ہیرے اور سونے چاندی کے زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ نقدی پاکستانی، امریکی، سعودی، یو اے ای، یوکے اور یورو میں ہے۔ ملزم نے طویل منصوبہ بندی کے بعد 27 اپریل، 25 رمضان کو نیوی ہاؤسنگ کے بنگلے میں واردات کی۔ اس وقت گھر کا مالک پوری فیملی سمیت عمرے کی ادائیگی کے لیے گیا ہوا تھا۔ مالکان کو 7 مئی کو چوری کا پتہ چلا۔ چوری کی تفتیش کا حکم آئی جی سندھ کی جانب سے دیا گیا۔ جس پر خصوصی ٹیم نے تحقیق کا آغاز کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم 2017 میں بلڈر اینڈ ڈویلیپرز آفس میں بطور سیکریٹری کام کرتا تھا۔ جہاں اسے چوری کرنے پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔ ملزم جب یہ سے ضمانت پر آیا تو تین سال تک واردات کی پلاننگ کرتا رہا۔ ملزم کو پتا تھا کہ فیملی ہر سال رمضان میں عمرے پر جاتی ہے، ملزم 27 رمضان کو بنگلے میں داخل ہوا اور دو دن تک اندر رہا، 29 رمضان کو سحری کے وقت آن لائن ٹیکسی کے ذریعے ایئرپورٹ روانہ ہوا۔ ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد ٹیکسی کے جاتے ہی واپس اپنے گھر پہنچ گیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔