ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ 25 مئی کے واقعات میں ملوث افسران اور سیاستدانوں کے خلاف پنجاب حکومت نے کارروائی شروع کی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح اسلام آباد میں فاشسٹ کارروائیاں ہوئیں ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا، اس طرح کی کوئی کارروائی پنجاب میں نہیں ہوئی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’پنجاب میں عطا تارڑ اور اب شاید رانا ثنا اللہ کو تفتیش میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ پولیس کا حق ہے۔ اگر عطا تارڑ، رانا ثنا اللہ اور دیگر ملوث افراد اسلام آباد میں چھپ کے بیٹھے رہیں گے تو قانون کے مطابق انہیں اشتہاری ڈکلیئر کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں انہیں بالکل خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے اور آ کر اس تفتیش میں شامل ہونا چاہیے اور اپنے کردار کی وضاحت کرنی چاہیے۔ خصوصاً دو افراد جو شہید ہو گئے، جن کو 25 مئی کو راوی پل سے نیچے پھینکا گیا اور ان کی جانیں چلی گئیں، ان کے خاندانوں کو اطمینان ہی نہیں مل سکتا جب تک اس قتل میں ملوث افسران اور انہیں حکم دینے والے اپنے انجام کو نہ پہنچ جائیں۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ہماری پارٹی کا جو مطالبہ ہے کل ہم نے حکومت پنجاب کو پہنچایا ہے۔ وہ یہ ہے کہ 15 دن کے اندر 25 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات مکمل کی جائیں۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ عطا تارڑ اور دیگر ملوث افراد جن میں رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں، ان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔