پولیس کا عطاء تارڑکے گھر پرچھاپہ،لیگی رہنما بچ نکلے

Aug 13, 2022 | 10:12 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: لاہور میں پولیس نے سابق صوبائی وزیرعطاء تارڑ کے گھر پر چھاپہ مارا مگر لیگی رہنما ہاتھ نہ آئے۔

   تفصیلات کے مطابق 25 مئی کے حوالے سے عطا تارڑ کےجی او آر ون لاہورمیں واقع رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا،عطا تارڑ گھر پر موجود نہیں تھے، چھاپے کے دوران کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا جبکہ عطاء تارڑ کو تفتیش کیلئے حاضر ہونے کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے عطا تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیر داخلہ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہاشم ڈوگر صاحب، میرا خیال تھا آپ وزیر ہیں لیکن آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جس گھر میں 15 سال پہلے رہتا تھا وہاں پولیس بھیج کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، آپ کا یہ حال ہے  آپ نےخاک وزارت چلانی ہے۔

معاون خصوصی وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔

عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے کہا کہ عطا تارڑ صاحب، آپ پیش ہو جائیں، قانون آپ کا انتظار کر رہا ہے۔

ہاشم ڈوگر نے مزید کہا کہ آج پولیس نے لاہور میں عطا تارڑ کے گھر نوٹس دیاہے، عطا تارڑ اگر قانون کی طاقت کو سمجھتے ہیں تو لاہور میں پیش ہو جائیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 25 مئی کو تشدد میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، 25 مئی کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکا گیا تھا، لانگ مارچ میں کارکنوں پر تشدد کے الزام میں گزشتہ روز 12 ایس ایچ اوز تبدیل کئے جاچکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے وقت مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت کیجانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔

مزیدخبریں