پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ کی گنجائش نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ کی گنجائش نہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں ریاست مخالف بیانیہ کی رتی بھر گنجائش نہیں، موجودہ حالات میں منفی سیاست غیر دانشمندانہ اور قومی مفادات کے منافی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں محنت اور اخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، مایوس عناصر عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن نے ملکی مفاد کو پس پشت ڈالا ہوا ہے، ان عناصر کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔