ایک نیوز:پنجاب کو جرائم اور کرپشن فری کیلئے گرینڈ پیکج تیار ،پولیس، پراسیکیوشن اور عدالتی نظام کی جامع اصلاحات کیلئےقانون سازی کا بل منظور کرایاجائیگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے ،عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے جرم ناقابل ضمانت جرم ہو گا، قانون سازی کے لئے تجاویز کی فوری تیاری کی ہدایت کردی ۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فوری اور جلد سزا دلانے کے لئے سپیڈی ٹرائل کورٹس بنیں گی۔پنجاب کے پراسیکیوشن محکمہ کی مکمل اوورہالنگ ،پولیس کو کرپشن اورجرائم پیشہ عناصر کے مددگاروں سے پاک کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ قابلیت اور کارکردگی کی جانچ کے لئے سپیشل آڈٹ سسٹم نافذ ہوگا۔معیاری پولیسنگ، پراسیکیوشن اورمقدمات کی رفتار تیز بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی ۔شہری جدید آئی ٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے رشوت مانگنے والے کی شکایت کرسکیں گے ، شکایت کرنے والے کی معلومات خفیہ رکھی جائیں گی ۔
ہر جرم کے لئے الگ سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ،پولیس میں کرپشن کے خاتمے،صوبے میں بجلی چوری، سمگلنگ کے تدارک کے لئے کریک ڈاﺅن کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔
آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل یونٹ کے قیام اور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ ،سمگلنگ روکنے کے لئے نئی سرحدی فورس بنانے کی تجویز پر غور، منشیات کے خاتمے کےلئے مہم مسلسل جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ۔
پنجاب میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت،نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی لگادی گئی ۔پنجاب میں ہرطرح کے مسلح گینگز کے خلاف آپریشن کلین اپ کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں پنجاب کے قبائلی علاقوں میں سماجی بہبود اور ترقی کا پیکج بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی
وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی اور دھاتی تار کے استعمال کے سدباب کے لئے مزید فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ۔
مریم نواز کاکہنا تھاکہ جامع اصلاحات ، سخت اور فوری سزاؤں سے جرائم میں کمی یقنی بنائی جاسکتی ہے۔ بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنانا ہے ۔ہر شہری کی عزت وآبرو، جان ومال کا تحفظ اور خدمت حکومت کی ذمہ داری ہے۔پولیس کو جدید اسلحہ، آلات، گاڑیاں، نائٹ ویژن اور ڈرون فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کاکہنا تھاکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی )اور تھرمل امیجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ پنجاب کو دہشت گردی ، سمگلنگ اورجرائم پیشہ گینگز سے پاک کیاجائے۔پراسکیوشن اور انوسٹی گیشن نظام میں بہتری لائے بغیر جرم ختم نہیں ہوگا۔اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی امن امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی ۔
سینٹر منسٹر مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی،اے آئی جی، کمشنر ، سی سی پی او،ار پی او سمیت اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔