نوشکی:دومختلف واقعات میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے11افرادجاں بحق

Apr 13, 2024 | 11:18 AM

ایک نیوز: نوشکی میں نامعلوم افراد نے مسافر بس سے پنجاب کے 9 مزدوروں  کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا جبکہ کار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور رکن صوبائی اسمبلی کے بھائی سمیت 5 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کےمطابق افسوسناک واقعہ نوشکی میں پیش آیا،جس میں حملہ آوروں نےپہلےمسافربس سےنوافرادکواغواکیا،جو کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس میں سوارتھے۔ نامعلوم مسلح افراد مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 9 افراد کو ساتھ لے گئے۔
دہشتگردوں نےشناختی کارڈچیک کرنےکےبعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو قریبی پہاڑوں میں لے جا کر گولیاں مار دیں،واقعہ کی اطلاع ملتےہی پولیس اورریسکیوٹیمیں جائےوقوعہ پرپہنچ گئی اورامدادی کارروائیاں کرتےہوئےلاشوں کوقریبی پہاڑی سےبرآمدکرکے ٹیچنگ ہسپتال نوشکی پہنچایاگیا۔
ڈپٹی کمشنرنوشکی کاکہناہےکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کوآج کوئٹہ روانہ کردیاجائےگا، جہاں سے انکے آبائی اضلاع روانگی کی جائے گی،مسلح ملزمان حملہ کرکے رات کی تاریکی میں پہاڑی و دشوار گزار علاقوں میں فرار ہوگئے تھے ۔پہاڑی و دشوار گزار علاقہ میں سرچ آپریشن میں مشکلات آرہی ہیں ،ضلع بھر میں سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔
پولیس کےمطابق ملزمان کی تلاش کیلئےپولیس،ایف سی اورسیکیورٹی فورسزکاعلاقےمیں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسرےواقعہ میں سلطان چڑھائی کے قریب گاڑی پرفائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ فائرنگ سے جے یوآئی کے رکن اسمبلی غلام دستگیر بادینی کے بھائی سمیت 5افراد زخمی ہوگئے۔    

نوشکی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ہوگئی ہے ،جن میں ساجد عمران،واثق فاروق ،مزمل حسین ،مظہر اقبال،محمد ابوبکر،محمد قاسم، جاوید شہزاد ،تنزیل اوررانا شاہ زیب ان سب کاتعلق پنجاب سےہے۔
وزیراعظم :
 وزیراعظم محمد شہباز شریف نےبلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے میں قومی شاہراہ 40 پر بس مسافروں کے اغوا کے بعد قتل کے اندوہناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی،اور اس لرزہ خیز واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مقتولین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا،اور مقتولین کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کی بلندی درجات کی دعابھی کی۔
وزیراعظم کاکہناتھاکہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ،دہشتگردی کےاس واقعے کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرداخلہ:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نوشکی میں اغواء کے بعد بس مسافروں کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کی ، المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہاربھی کیا۔
محسن نقوی نےمقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہناتھاکہ نوشکی میں قومی شاہراہ پر پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کیجائے کم ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قائداعظم کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ 
وزیراعلیٰ بلوچستان:
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں مسافروں کے قتل کی مزمت کرتےہوئےکہاواقعے میں ملوث دہشتگردوں کو معاف نہیں کیا جائےگا،مسافروں کاقتل غیر انسانی فعل اورناقابل معافی جرم ہے۔دہشتگردوں کوان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔دہشتگردوں کوچھپنے کی جگہ نہیں ملے گی آخری کونے تک پیچھا کرینگے۔امن کے دشمن ملک کے دشمن ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نےبھی نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرکے قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کی۔
مریم نوازنےافسوسناک واقعہ پررنج ودکھ کااظہارکیااور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھاکہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں ، نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا ۔

مزیدخبریں