ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن )کی مشاورتی ٹیم کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل سیاسی و قانونی ٹیم سے مشاورت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے گا،تمام اہم ایشوز پر پارلیمنٹ فورم کی رائے کو ہی ترجیح دی جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ پروسیجر اور پریکٹسز سے متعلق حکمت عمل مرتب کرلی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فنڈز کی دستیابی پر بھی پارلیمان سے رہنمائی لی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے۔ اور عوام کا نمائندہ فورم ہے۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پارلیمان کے اختیارات پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف آج قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے ،وزیراعظم کے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کا بھی امکان ہے۔