ایک نیوز:پولیس مقابلہ زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا،پولیس معجزانہ طورپر محفوظ رہی۔
تفصیلات کےمطابق راولپنڈی کے علاقے راول روڈ پر گرفتارملزم کی نشاندہی پر اسلحہ کی برآمدگی کیلئے جانے والی پولیس پارٹی پر ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کےمقابلے میں گرفتار ملزم وہاب زخمی ہوگیاجس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،اس واقع میں پولیس معجزانہ طورپر محفوظ رہی ۔
چار موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اپنے ساتھی کو پولیس سے چھڑوانے کے لئے فائرنگ کی اور ناکامی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
گرفتار ملزم نے چند روز قبل اپنے محلے دار کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیاتھاجس پر اقدام قتل کے مقدمہ میں تھانہ وارث خان میں گرفتار ہے، ملزم کو شک تھا کہ اس کا محلے دار پولیس کو اس کے بارے میں اطلاعات دیتا ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر سینئرپولیس افسران موقعہ پر پہنچ گئے، فائرنگ کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی اور سرچنگ آپریشن جاری ہے۔ اپنے ساتھی کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گئے۔
واضح رہے کہ ملزم وہاب راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں چوری، کار چوری، رابری، ناجائز اسلحہ اور اقدام قتل کے دو درجن کے قریب مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، گرفتار ملزم وہاب تھانہ دھمیال میں رابری کے مقدمہ میں اشتہاری بھی ہے۔