ویب ڈیسک:صدر مملکت آصف علی زرداری کو سویڈن اور بیلجیئم کے سفراء نے سفارتی اسناد پیش کردیں۔
سویڈن اور بیلجیئم کے نامزد سفراء نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، ایوان صدر آمد پرمسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امید ہے نامزد سفراء پاکستان کے ساتھ باہمی سود مند تعاون مزید بہتر بنائیں گے، بیلجیئم پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
آصف زرداری نے سویڈن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں۔