امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ گوادر، چیمبر عہدیداروں سے ملاقاتیں

Sep 12, 2023 | 21:49 PM

ایک نیوز : پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ گوادر کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ گوادر بلوچستان کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق دورے کا مقصد بلوچستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے عزم کو اجاگر کرنا تھا۔اعلامیے کے مطابق امریکی سفیر کے دورے کے دوران ترقی ، تجارت اور تجارتی تعلقات کے مزید فروغ کا جائزہ لیا گیا۔
ڈونلڈ بلوم نے گوادر میں سیاسی رہنماوں اور گوادر چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں اور تجارت اور سرمایہ کاری سے بلوچستان کی ترقی کے لئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیر کی حکومتی اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران پاک، امریکا سبز اتحاد فریم ورک پر بات چیت کی گئی جبکہ بندر گاہ کے ترقیاتی منصوبوں، گوادر کے علاقائی اور تجارتی مرکز بننے کی استعداد پر بھی گفتگو کی گئی۔

 امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ امریکہ کے عزم کو ، جو ایک مستقل اور مضبوط شراکت داری ہے،اجاگر کرنے کیلئے  بارہ ستمبر کو گوادر، بلوچستان کا دورہ کیا۔اس دورے کے دوران ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کومہمیز دینے کیلئے مواقع کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس دورے کے کامیاب نتائج  کو بروئے کار لایا جا سکے جن کا محور پاک-امریکہ دو طرفہ تعلقات ہیں۔
امریکہ اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے۔ گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کےبعد امریکہ نے خوراک اور اشد  ضروری رقم کے ذریعے  چھ لاکھ اکسٹھ ہزارافراد کی اعانت کی اور نوے ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کھانا فراہم کیا ۔ گزشتہ سال کے دوران امریکی اعانت سے  اکتالیس مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی۔ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو فروغ دیا گیا ، اس طرح بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر  آئندہ نسل کے نوجوانوں   کو بااختیار بنایا گیا۔
اپنے دورے کے دوران سفیر بلوم نے سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کئے۔ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقات میں سفیر نے معاشی نمو، آفات کے دوران مدد اور تیاری ، سیکورٹی، اور امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے  بلوچستان کی ترقی کیلئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا، اوران اقدامات کا ذکرکیا  جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اپنے ہاں ماحول کو بہتر بنا سکتا ہے۔
  سفیر بلوم نے گوادر بندرگاہ کا دورہ بھی کیا اور پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی سے ملاقات میں بندرگاہ کی آپریشنز  اور ترقیاتی منصبوں، گوادرکے  علاقائی تجارتی مرکز بننے کی استعداد، اوراسے  پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی،  یعنی امریکہ، سے منسلک کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی۔   پاکستان نیوی کی مغربی کمانڈ سے ملاقاتوں میں سفیر ڈونلڈ بلوم  نےعلاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے سالوں میں شراکت داری جاری رکھنے پر زور دیا۔  

مزیدخبریں