ایک نیوز: ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مفرور بھتہ خور افسر گرفتار کرلیا ہے۔ چھاپے کے دوران بھتہ خور ضیا عرف کالا کے گھر سے برآمد بھاری رقم، اسلحہ اور آئی فون ضبط کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایس بی سی اے کا مفرور بھتہ خور افسر گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ضیا عرف کالا کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ چھاپے کے دوران بھاری رقم، اسلحہ اور آئی فون ضبط کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق آئی فون سے سسٹم کےمتعلق اہم ریکارڈ بھی موصول ہوا ہے جبکہ ضیاعرف کالے کےخلاف بھتہ خوری کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جس پر گزشتہ ماہ عدالت نے ضمانت منسوخ کی تھی۔
ملزم ضیا کالا کے خلاف آرام باغ تھانے میں بھتے کا مقدمہ درج ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ایس بی سی اے میں بھتے کے حوالے سے بہت سی بےضابطگیاں ہوئی ہیں، اس سلسلے میں گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات متوقع ہیں۔