ایک نیوز: قومی ائیرلائن کا مالی بحران سنگین ہوگیا۔ پی آئی اے کو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین کو اگست کی تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔ تنخواہوں کی مد میں ملازمین کو 1ارب 40 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے قومی بینک کو لکھے گئے خطوط کا جواب بھی نہیں ملا۔
بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے فنڈز کے لئے قومی بینک کو خطوط لکھے تھے۔ تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے سے ملازمین میں تشویش پائی جارہی ہے۔ فنڈز کی قلت کے باعث قومی ائیر لائن کا فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی14دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ پی آئی اے کو پی ایس او سے طیاروں کے لئے ایندھن ملنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی طرح کراچی سے فیصل آباد، اسلام آباد اور لاہور کی دوطرفہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
کراچی سے تربت، بہاولپور اور سکھر کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں، کراچی سے مسقط کی بھی دو طرفہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔