ایک نیوز: قصور میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ ہوئی جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مبینہ طورپر فائرنگ لاہور میں تعینات پولیس انسپکٹر اور انکے اسٹاف نے کی ۔ آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق منڈی عثمان والا کے نواحی سرحدی علاقہ میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ ہوئی، فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس انسپکٹر طارق بشیر چیمہ اور پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہو گئے۔پولیس وردی میں ملبوس اہلکاروں اور انسپکٹر طارق بشیر چیمہ پر اکرم ٹونڈا نے فائرنگ کی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انسپکٹر طارق بشیر چیمہ کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ نصیر آباد لاہور تھانے میں تعینات انسپکٹر طارق بشیر چیمہ کے ساتھ سکواڈ کے 3 اہلکار وردی میں ساتھ تھے۔
فائرنگ سے انسپکٹر طارق بشیر چیمہ کے مخالفین اکرم ٹونڈا، مقصود عرف سودا اور عمران موقع پر جاں بحق ہو گئے۔انسپکٹر طارق بشیر چیمہ انویسٹیگیشن انچارج نصیر آباد لاہور تعینات ہیں۔ طارق بشیر چیمہ کو پیٹ اور ٹانگوں پر فائز لگنے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل ہے۔
ایس ڈی پی او سٹی سیف اللہ بھٹی نے طارق بشیر چیمہ کے 5 افراد ہسپتال سے گرفتار کر لئے ہیں، گرفتار 5 افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ، پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو کا کہنا ہےکہ کیس کی میرٹ پر تفتیش ہوگی، پولیس ملازم ہونے کا فائدہ نہ کسی کو دینگے نہ کوئی لے سکے گا ۔
دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ا قصور میں اراضی تنازع پر فائرنگ سے 03 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے ڈی پی او قصور کو واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش اور ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی جبکہ کہا ہے کہ مخالفین کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ میرٹ پر تفتیش اور بلا تفریق قانونی کاروائی سے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اورمقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔