ایک نیوز: سپریم کورٹ نے معروف ٹی وی اینکر مرحوم عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست خارج کر دی۔
عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ عامر نے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اب تو یہ درخواست غیر مؤثر ہوچکی۔
دانیہ عامر کے وکیل نے کہا کہ عدالت مہلت دے تو کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتا ہوں، اہم معاملہ ہے اور چاہتے ہیں پوسٹ مارٹم ہو، وجوہات سامنے آئیں اس پر جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ اب تک تو باڈی ڈی کمپوز ہوچکی ہوگی۔
دانیہ عامر کے وکیل نے کہا کہ عدالت اجازت دے تو درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے کیس واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس خارج کر دیا۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین گزشتہ برس جون میں انتقال کرگئے تھے، وہ کراچی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے تھے، ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی۔