شہری نے عدالت سے قرآنی آیات پڑھ کر زہر پینے کی اجازت مانگ لی

Sep 12, 2023 | 14:36 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  قرآن پاک کا معجزہ دکھانے کیلئے شہری نے لاہور ہائیکورٹ سے موچی گیٹ پر سر عام زہر پینے کی اجازت مانگ لی ۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس راحیل کامران نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔مزنگ کے شہری سرور تاج نے زہر پینے کےلئے عدالت سے رجوع کیا ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ زہر کیوں پینا چاہتے ہیں۔ جس پر درخواستگزار نے کہا کہ میرے پاس علم ہے میں قرآنی آیات پڑھ کہ زہر پیوں گا مجھے کچھ نہیں ہوگا ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت کسی کو زہر پینے کی اجازت کیسے دے سکتی ہے،مجھے لگتا ہے آپ سستی شہرت کےلیے کوئی اسٹٹنٹ کھیل رہے ہیں ۔

درخواستگزار نے کہا کہ مجھے کوئی شہرت نہیں چاہیے میرا اللہ پر یقین ہے مجھے کچھ نہیں ہوگا ۔ عدالت  نے ریمارکس دیے کہ خودکشی اسلام میں حرام ہے آپ عدالت سے حرام کام کرنے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔ جس ہر درخواستگزار نے کہا کہ میں قرآن پاک کی طاقت دنیا کو دیکھنا چاہتا ہوں،لاہور کے موچی گیٹ پر سب کے سامنے یہ تجربہ کرنا چاہتا ہوں عدالت اجازت دے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ خود موت مانگنے والوں کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں۔بھارت میں کینسر کے مریضوں نے موت آسان کرنے کےلیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ جس پر درخواستگزار نے کہا کہ میں نہیں مرو گا میرا یقین کریں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم  کسی غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دے سکتے۔،آپ کا اگر زیادہ دل ہے تو کریں پھر قانون کے مطابق آپکے خلاف جو کارروائی ہوگی وہ ہوجائے  گی۔

درخواست گزار نے کہا کہ میں نے ہوم سیکرٹری کو بھی درخواست دی ہے کہ موچی گیٹ پر زہر پینے کا تجربہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالتی وقت ضائع کر رہے ہیں ۔ جس کے بعد جسٹس راحیل کامران نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

مزیدخبریں