ایک نیوز: سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈ سکینڈل میں نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف 190 ملین پاونڈ سکینڈل کی تحقیقات میں طلبی کے نوٹس پر نیب کو خط ارسال کر دیا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ نے خط میں کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ اور 190 ملین پاونڈ کیس سے متعلق مجھے کچھ پتہ نہیں نہ ہی کوئی معلومات ہیں۔
شیخ رشید نے نیب کے طلبی نوٹس کو غیر قانونی قرار دیا، انہوں نے خود کو سیاسی انتقام کا شکار بھی بتایا اور کہا کہ میرے اور رشتے داروں کے گھروں پر چھاپے مار کر ہراساں کیا جا رہا ہے لہذا ان حالات میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا۔
نیب ان دنوں برطانیہ سے 190 ملین پاونڈ واپس لا کر ملزمان کو دینے کے الزام کے تحت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، وفاقی کابینہ میں موجود اس وقت کے تمام وزراء کو نیب نے پیش ہونے کے سمن جاری کئے تھے۔ نیب نے اس وقت کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو بھی طلب کیا تھا کہ وہ نیب کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں تاہم شیخ رشید نے انکار کر دیا۔