ن لیگ کے سینیٹر ، سابق آئی جی پنجاب رانا مقبول انتقال کرگئے

Sep 12, 2023 | 12:07 PM

ایک نیوز : مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور سابق آئی جی پنجاب  رانا مقبول احمد انتقال کرگئے۔

  رپورٹ کے مطابق سینیٹر رانا مقبول احمد کچھ عرصے سے علیل تھے۔سینیٹر رانا مقبول احمد کابینہ کمیٹی کے چیئرمین تھے ۔ ان کی وفات کو ن لیگ کے لئے بڑ ا نقصان قراردیا جارہا ہے۔ سیاسی  رہنماؤں  نے ان کی موت پر اظہارافسوس کرتے ہوئے انکی بلندی درجات کے لئے دعا کی ہے۔ 

 دریں اثنا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر رانا مقبول کے بیٹ رانا طلال  سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے  ان کے والد پر اظہار تعزیت کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ سینیٹر رانا مقبول ایک بہترین سیاسی ورکر اور پارلیمنٹرین تھے۔سینیٹر رانا مقبول احمد نے پولیس سروس کی وجہ سے فوجداری قوانین سے متعلق بہترین قانون سازی بھی کی۔

شہباز شریف کا اظہار افسوس

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا سینیٹر رانا مقبول کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار  کیا ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) فیملی کے لئے آج غم کا دن ہے۔رانا مقبول قائد محمد نواز شریف کے قریبی اور بااعتماد ساتھی تھے۔دہائیوں پرانی دوستی کا یہ رشتہ آخری وقت تک اسی باہمی اعتماد اور محبت کے ساتھ قائم دائم رہا ۔رانا مقبول ایک بہادر، سنجیدہ مزاج اور ذہین شخصیت تھے ۔دانائی اور دانش مندی کے ساتھ امور کو سلجھانے والی شخصیت تھے۔ انہوں نے  انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سروس کے دوران جرائم کے خاتمے کے لئے انہوں نے گراں قدر خدمات انجام دیں ۔ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

مریم نواز شریف کا اظہار افسوس 

جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف  نے بھی  سینیٹر رانا مقبول احمد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا مقبول ہمارے گھر کے ایک فرد کی طرح تھے ہر مشکل، آزمائش اور امتحان میں بھی قائد نواز شریف سے ان کا تعلق اعتماد کی مظبوطی سے استوار رہا ۔رانا مقبول کی وفات پارٹی اور ذاتی حوالے سے ہمارا بڑا نقصان ہے ۔چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ، دانائی و حکمت کی باتیں، خوش اخلاقی و عاجزی ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف تھے ۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین



مزیدخبریں