القادر ٹرسٹ کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

Sep 12, 2023 | 11:56 AM

ایک نیوز: القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف مل گیا۔ احتساب عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ 

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ آج آپ کو دوبارہ تکلیف دینے کیلئے آئے ہیں، القادر کیس میں نیب نے بیان دیا تھا کہ ہمیں گرفتاری مطلوب نہیں، نیب کی جانب سے بعد میں کہا گیا کہ فی الوقت گرفتاری مطلوب نہیں، آج بی بی کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہے اور نیب نے آج ہی بی بی کو طلب کر رکھا ہے۔

لطیف کھوسہ نے استدعا کی کہ نیب کسی اور دن پیشی رکھ لے، ملاقات اٹک جیل میں 2 بجے ہے اور نیب نے بھی 2 بجے طلب کر رکھا ہے۔

نیب پراسکیوٹر سردار مظفر عباسی نے بتایا کہ نیب نے 11 بجے طلب کر رکھا تھا۔

لطیف کھوسہ نے مزید استدعا کی کہ گرفتاری اگر مطلوب ہو تو پہلے آگاہ کیا جائے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ القادر کیس میں نیب کو ابھی بشری بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں۔ نیب پیشی کا معاملہ عدالت کے سامنے نہیں، اگر دن تبدیل کروانا ہے تو نیب میں درخواست دائر کر دیں۔

بشری بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں بھی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی گئی۔ عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں 1 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے بشری بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں فریقین کو 26 ستمبر کیلئے نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی۔

مزیدخبریں