ایک نیوز: افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نےمیجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے 58ویں یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جنگِ ستمبر1965 کا وہ درخشاں ستارہ ہیں جو دورانِ جنگ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے اور دفاعِ وطن کی خاطر جان قربان کر دی۔ آپ کی شاندار قائدانہ صلاحیت اور بے مثال بہادری مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت یقینی بنانے میں ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔لہو سے سرزمین وطن کی آبیاری کرتے ہوئے، ازلی دشمن بھارت کی فوج پراپنی شجاعت و بہادری کی دھاک بٹھاتے اور اُس کے مزموم عزائم کو ناکام بنا کر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے یہ ثابت کر دیا کہ بہادر سپاہی مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتااور ملک کے دفا ع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بِلا شُبہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر)کے58ویں یومِ شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا،دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔علماء نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
علماء کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتی ہیں،شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے۔علماء کرام کا کہنا تھا کہ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں ،شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں ،شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں۔
علماء کا کہنا ہےکہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-12/news-1694498528-3009.mp4
اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے بھی میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو ان کی 58ویں برسی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کی۔اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے بےمثال بہادری سےپاکستان کےدفاعی نظام کو پامال کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا ۔پوری قوم پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستانی قوم کا ہر فرد اور پاکستانی افواج کا ہر بہادر سپوت پاکستان کے دفاع کے لیے اخری سانس تک اپنی جان قربان کرنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے ۔پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا انمٹ اور نمایاں باب ہیں ۔