ایک نیوز: بیرون ملک مشنوں کے سربراہوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) پر بریفنگ کیلئے سیشن طلب کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) پر بیرون ملک ہمارے مشنز کے لیے ایک ورچوئل بریفنگ سیشن آج وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ نے طلب کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے حکومتی افادیت ڈاکٹر جہانزیب خان نے کونسل کے قیام، قانونی فریم ورک اور دیگر مختلف پہلوؤں سے متعلق مشن کے سربراہان کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔معاون خصوصی نے مشن کے سربراہوں کو SIFC اقدام کی کامیابی کے حوالے سے توقعات اور ان کی اہم اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ ڈاکٹر جہانزیب خان نے پاکستان میں چار اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو خاص طور پر اجاگر کیا،ان شعبوں میں آئی ٹی، زراعت، توانائی اور کان کنی شامل ہیں۔ شرکت کرنے والے سربراہانِ مشن سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے ممالک کو وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے ناطے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے بریف کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ حکومت نے فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ 'ون ونڈو' پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) تشکیل دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بریفنگ سیشن میں شرکت کی جس میں SIFC اور بیرون ملک مشنز کے درمیان ایک صحت مند اور نتیجہ خیز انٹرفیس کا آغاز ہوا۔