ایک نیوز نیوز: پاکستان میں موجود عراقی سفارتخانے نے امام حسین کے چہلم کیلئے عراق جانے والے پاکستانی زائیرین کیلئے معطل ویزوں کی بحالی اور دیگر سفری سہولیات سے متعلق اہم بیان جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اربعین امام حسین کیلئے پاکستان سے کربلا جانے والے زائرین کیلئے معطل ویزوں کو بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اربعین امام حسین میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی زائرین کے لیے عراقی فضائی ریزرویشن کی سہولت کی دستیابی اور ایران کے ذریعےعراقی سرحدوں سے داخل ہونے کی اجازت کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی زائرین کو ضروری سفری طریقہ کارمکمل کرنے کیلئے عراقی ائیرویز کے دفتر رجوع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
عراقی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ زائرین کے سفر کو محفوظ بنانے اورسہولیات دینے کے حوالے سے کوششوں میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی عراقی ہم منصب کو 10 ستمبرکی ٹیلیفونک کال نے اہم کردارادا کیا ہے۔
عراقی سفارتخانے نے معطل شدہ ویزا بحالی عمل میں غیر معمولی کوششوں پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی تعریف بھی کی ہے۔