ایک نیوز:آئی سی سی ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو با آسانی 134 رنز سے شکست دے دی۔
آئی سی سی ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا۔جواب میں آسٹریلین ٹیم 177رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔
لکھنؤ کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔
اوپنرز نے ٹیم کو 108 کا آغاز فراہم کیا تاہم کپتان ٹمبا باؤما 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وین ڈر ڈوسن 26 رنز بناسکے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم 56، ہینرک کلاسن 29 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 17 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔اس کے علاوہ کلاسن نے 29 ، ڈیوڈ ملر نے 17 اور مارکو جینسن نے 26 رنز بنائے
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 2 جبکہ ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں 70 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کے 6 بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے، مچل مارش 7، ڈیوڈ وارنر 13، اسٹیو اسمتھ 19، جوش انگلس 5، میکسویل 3 اور اسٹوئنس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں مارنس لبوشین نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے تھوڑی مزاحمت کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو جیت نہ دلواسکے اور 46 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اس کے علاوہ مچل اسٹارک 27، کپتان پیٹ کمنز 22، زیمپا نے 11 رنز بنائے، یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 8 اوورز میں 33 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو جینسن ، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ حریف کو جلد از جلد آؤٹ کریں اور ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹیں۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیا کی گئی ہیں، ایلکس کیری کی جگہ جوش انگلس جبکہ کیمرون گرین کی جگہ مارکس اسٹوئنس کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔
اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ابتدا ہی سے کینگروز کیخلاف جارحانہ کھیل جاری رکھیں گے تاکہ آسٹریلیا کو پریشر میں لائیں۔