ایک نیوز: بلوچستان کے کالی ماتا مندر میں ہندوبرادری کے سالانہ تہوار کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر قلات میں واقع کالی ماتا مندر میں ہندو برادری کا تین روزہ سالانہ تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ شروع ہو گیا ہے۔ قلات میں میلے کا پرامن انعقاد مذہبی ہم آہنگی اور بلوچستان میں سیاحت کے مثبت امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس طرح کے تہواروں میں دنیا بھر سے سیکڑوں لوگوں کی شمولیت صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ جشن بلوچستان ثقافت اور سیاحت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ مندر میں ایشیا کی دوسری سب سے بڑی کالی ماتا کی مورتی ہے جس کو دیکھنے کیلئے ہندوستان اور دنیا کے دیگر حصوں سے ہندو برادری کی ایک بڑی تعداد بار بار آتی ہے۔
مکران، قلات، جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور دنیا بھر کے مختلف ممالک سے سینکڑوں ہندو یاتری اپنی رسومات ادا کرنے کے لیے اس مندر آتے ہیں۔ ہندو برادری کے مقامی رہنما مَنا مال کا کہنا تھا کہ اس تہوار کا بنیادی مقصد لوگوں کا پیار، امن اور بھائی چارے کے ساتھ اکٹھا رہنا ہے۔
ہندو رہنما مَنا مال نے پاکستان میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مَنا مال نے یہ بھی کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کو پاکستان سے سبق سیکھنا چاہیے۔ جہاں مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ہے اور اقلیتیں تمام سہولیات سے بہرہ مند ہوتی ہیں۔