ایک نیوز: حکومت پنجاب کا کئی سالوں سے ویران شمشان گھاٹ کی بحالی و خوبصورتی کے لیے احسن اقدام، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر شمشان گھاٹ بند روڈ پر خصوصی ٹیموں نے کام شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اے سی سٹی واثق عباس ہرل کی سربراہی میں تمام متعلقہ محکمے ٹیموں میں شامل ہیں۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے 4 اکتوبر کو شمشان گھاٹ کا دورہ کیا تھا اور شمشان گھاٹ کی فوری بحالی کا حکم دیا تھا۔
ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ شمشان گھاٹ کے اندر جنگلی پودوں، جڑی بوٹیوں کو ختم کر کے لان بحال کیا جارہا ہے۔ شمشان گھاٹ کے اندر سٹاف کی تعیناتی مکمل کر کے مسلسل دیکھ بھال کا نظام بنایا جائے گا۔ بند روڈ سے شمشان گھاٹ تک جانے والی عرصہ دراز سے ٹوٹی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی کوشش سے سڑک کی تعمیر کے لیے رقم یکمشت دستیاب ہو گئی ہے۔ شمشان گھاٹ کی بحالی کا منصوبہ جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق اقلیتوں کی سہولت کے لیے کوشاں ہیں۔