ایک نیوز: پنجاب بھر کے بس اڈوں کی بحالی کے لیے محکمہ بلدیات متحرک ہوگئی۔ سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے لوکل گورنمنٹس کو بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس اہم ہدایات جاری کر دیں۔
سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہدایت کی کہ چیف آفیسر بس اڈوں کی بہتری کے لیے جامع پلان تشکیل دیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات کے مطابق بس اڈوں پر بہترین سہولیات پہنچائی جائیں۔ چیف آفیسرز متعلقہ بس اڈوں کا وزٹ کریں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر ارشاد احمد کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں موجود تمام بس اڈوں پر وائٹ واش کروایا جائے۔ بس اڈوں پر موبائل چارجنگ بوتھ بنائے جائیں۔ بس اڈوں پر سکیورٹی کی بہتری کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال کیے جائیں۔ بڑے بس اڈوں پر مسافروں کی رہنمائی کے لیے سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں۔ اڈوں پر قائم ٹک شاپس پر پرائس لسٹ آویزاں کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائن بورڈ، کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیے جائیں۔ پینے کے صاف پانی معیاری اشیاء کی خریدوفروخت اور صفائی کی صورتحال کو بہتر کیا جائے۔ وہیل چیئرز استعمال کرنے والے افراد کےلئے ریمپ بھی بنائے جائیں۔ بس اڈوں کی بحالی کے لیے باقاعدہ طور لوکل گورنمنٹس کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔