بھارتی میجر کااپنےہی ساتھیوں پر حملہ،4افسران سمیت 6فوجی زخمی

Oct 12, 2023 | 12:02 PM

JAWAD MALIK

This browser does not support the video element.

ایک نیوز: بھارتی فوج کے میجر نے حملہ کرکے چار افسران سمیت 6 فوجیوں کو زخمی کردیا، میجر نے فائرنگ کے ساتھ گرنیڈ بھی پھینکے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نفسیاتی مریض بن گئے ہیں، اور صرف 6 ماہ کے دوران 3 بار ایک دوسرے پر قاتلانہ حملے کرچکے ہیں۔

تیسرے واقعے میں مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے میجر نے اپنے ہی ساتھیوں پر حملہ کردیا، جس میں چار افسران سمیت چھ فوجی زخمی ہوگئے، اور ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ راجوڑی کے تھانہ منڈی ایریا میں پیش آیا، جہاں بھارتی میجر نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کے ساتھ گرنیڈ بھی پھینکے، اور متعدد فوجیوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا۔

 رپورٹ کے مطابق بھارتی میجر ساتھیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد یونٹ کے اسلحہ خانے کی جانب فرار ہوگیا اور اس میں پناہ لے لی، جب کہ اپنے ہی میجر کی بغاوت کے بعد قابض بھارتی فوج نے گھبرا کر قریبی دیہات خالی کر دیئے۔

بغاوت کرنے والے میجر کیخلاف عدالتی سماعت شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔مقامی لوگوں پر مظالم کی انتہا کرنے کے واقعات قابض افواج کے افسروں و جوانوں کی ذہنی حالت تباہ کر دیتے ہیں،بھارتی افواج کی ناقص سربراہی میں بھارتی فوجی نفسیاتی مریض بن کر جنگ لڑنے کے قابل نہیں رہتے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے اپنے ہی ساتھیوں پر حملے کا 6 ماہ میں یہ تیسرا واقعہ ہے ، اور یہ واقعات بھارتی فوج میں نفسیاتی صحت کے تیزی سے گرتے معیار کے عکاس ہیں۔

دوسری جانب بھارتی فوج کے افسران کے ناروا رویئے سے تنگ بھارتی فوجی اپنی شکایات سوشل میڈیا پر بھی ڈال رہے ہیں، اور متعدد بھارتی فوجی خود کشیاں بھی کرچکے ہیں، لیکن بھارتی میڈیا اور فوج واقعے کی اصل صورت حال پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں