ایک نیوز: نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کے لئے احسن اقدام، پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو 19سال بعدپٹرولنگ کے لئے313نئی گاڑیاں مل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی آفس میں پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو نئی گاڑیاں اور یونیفارم دینے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو نئی گاڑیوں کی چابیاں دیں اور یونیفارم دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کی نئی گاڑیوں کامعائنہ کیا اور یونیفارم کو چیک کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے 19سال بعد پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو 313نئی گاڑیاں دی ہیں، 2003-04 کے بعد پٹرولنگ پولیس کو صرف47گاڑیاں دی گئیں۔ سال میں 2یونیفارم پولیس اہلکاروں اور افسروں کو دینا حکومت کا فرض ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ انشاء اللہ آئندہ سے ہر جوان اور سینئر پولیس افسر کو 2یونیفارم دئیے جائیں گے،اس ضمن میں مزید فنڈز دیں گے۔ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو ایکسل لوڈ چیک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جو کہ محکمے کی جانب سے احسن طریقے سے نبھائی گئی تو یہ پنجاب اور ٹریفک پولیس سے آگے جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے خدمت مراکز بھی کام کررہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہمیں تھانہ کلچر کو بھی تبدیل کرنا ہے۔ تھانے میں عام آدمی کو انصاف دینا ہے۔ پنجاب میں 750تھانوں کی اپ گریڈیشن کا پلان مرتب کیا ہے۔ تھانوں کی اپ گریڈیشن کے لئے1ارب90کروڑ روپے فنڈز ریلیز کررہے ہیں۔ کئی تھانوں کے پاس اپنی جگہ نہیں ہے،لاہور جیسے شہر میں بھی تھانوں کی اپنی عمارت نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سمن آباد تھانے کا دورہ کیا،وہاں انسان کا رہنا محال ہے۔ پولیس والے ایسے تھانوں میں بھی کام کررہے ہیں۔ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کے لئے جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔ پنجاب حکومت پٹرولنگ پولیس کو پورا سپورٹ کرے گی۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کے ساتھ اچھے سلوک سے پیش آئیں اور انہیں انصاف دیں۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو ایکسل لوڈ کے اہم مسئلے سے نمٹنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس کو مراعات دینے کے حوالے سے سمری وزیراعلی کو بھجوا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پولیس کی ویلفیئر کے لئے مختصر مدت میں مثالی کام کیا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی کی ذاتی دلچسپی سے دوران سروس وفات پانے والے پولیس جوانوں کے خاندانوں کے لئے 120کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ پولیس شہداء کی فیملیز کے لئے 80کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی گئی۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ،ایڈیشنل آئی جی لاجسٹک،سی سی پی او،ڈی آئی جی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ پولیس،ڈی آئی جی ٹیلی، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔