ایک نیوز:لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کو لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کو لبرٹی چوک پر جلسے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر جسٹس راحیل کامران نے سماعت کی۔
دورانِ سماعت جسٹس راحیل کامران نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیے کیا مسئلہ ہے، کیوں ابھی تک اجازت نہیں دی گئی۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو کل تک درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کل تک فیصلہ کر کے بتائیں کہ اجازت دینی ہے یا نہیں۔
جسٹس راحیل کامران نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر بتائیں کہ اگر اجازت نہیں دینی تو کن وجوہات کی بنا پر نہیں دینی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو بھی کل تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
سماعت کے دوران عدالت میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 15 اکتوبر کو لبرٹی چوک پر جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی، ڈپٹی کمشنر نے درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت لبرٹی چوک پر جلسہ کرنے کی اجازت دے۔