سپاہی وارث علی شہید کی بہادری کو قوم کا سلام

سپاہی وارث علی شہید کی بہادری کو قوم کا سلام
کیپشن: Nation salutes the bravery of Sepoy Waris Ali Shaheed

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، پاک وطن کی مٹی میں ان گنت شہداء کا خون شامل ہے۔ شہادتوں کا یہ سفر پاکستان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ان شہداء میں سے ایک سپاہی وارث علی بھی ہیں۔ جنہوں نے ملک کے دفاع کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے 31 اگست 2023 کو بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ 

سپاہی وارث علی شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔ سپاہی وارث علی شہید کے ورثاء نے اپنے احساسات بیان کیے ہیں۔ شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ "میرا بیٹا بہت تابعدار تھا"۔"میرے بیٹے وارث کو بچپن سے ہی فوج میں جانے کا شوق تھا"۔ "مجھے علم نہیں تھا کہ وارث شہید ہو گیا"۔ 

شہید کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ "وارث دن میں کئی مرتبہ فون کر کے میری خیریت دریافت کرتا تھا"۔ "مجھے میرے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے"۔ "میرے بیٹے نے جان قربان کر کے اپنے وطن کی حفاظت کی"۔ “اللہ سب نوجوانوں کی حفاظت کرے اور کامیاب کرے”۔ 

شہید کے والد کا کہنا تھا کہ "ہمارا بیٹا بچپن سے ہی بہت بہادر تھا"۔"مجھے یقین تھا میرا بیٹا بڑا ہو کر ہمارا نام روشن کرے گا"۔ "بیٹے نے قرآن پاک کی دلیل کو سچ ثابت کر دکھایا کہ شہید زندہ ہے"۔"بیٹے کی شہادت کی وجہ سے ہماری عزت بڑھ گئی ہے"۔

شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ "بھائی اکثر شہادت کی خواہش کا اظہار کرتا تھا"۔"ہمیں بھائی کی شہادت پر فخر ہے"۔

سپاہی وارث علی شہید اپنا آج وطنِ عزیز پر قربان کرکے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔