میانوالی:تیزرفتارجیپ نہرمیں جاگری،معروف گلوکار سمیت 6 افراد جاں بحق

Oct 12, 2023 | 11:47 AM

ایک نیوز :سرائیکی زبان کے گلوکار شرافت علی سڑک کے ایک حادثے میں اپنے 6ساتھیوں سمیت جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کے حکام نے تصدیق کی کہ میانوالی کے شیخالی روڈ پر ایک فورچونر گاڑی نہر میں گرنے کی اطلاع پر ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی میں فوک گلوکار شرافت علی اور ان کے ساتھ چھ دیگر افراد سوار تھے جن کی موت واقع ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے بیان کے مطابق مرنے والے افراد کی لاشوں کو میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔مقامی افراد کے مطابق شرافت علی میانوالی کے گاؤں شدرو میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر جا رہے تھے۔گلوکار کی گاڑی گنجیرا پُل سے نہر میں گرنے کے بعد مقامی لوگوں نے ریسکیو حکام کو واقعے کی اطلاع دی۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا میانوالی کے علاقے واں بھچراں کے قریب  گاڑی  نہر میں گرنے سے لوک گلوکار  شرافت علی سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نےحادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر میانوالی سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ۔ محسن نقوی کا کہنا ہےکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے میانوالی میں فوک گلوکار شرافت علی اور ان کے ساتھیوں کی حادثے میں موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں پنجاب کے گورنر نے مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا میانوالی، بھچراں میں جیپ کو پیش آنے والے حادثے میں معروف لوک گلوکار شرافت علی خیلوی سمیت دیگر افراد کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ سوگواران کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے مرحومین کی مغفرت اور غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کےلئے صبر جمیل عطا فرمانے۔

مزیدخبریں