ایک نیوز نیوز: ہاشم ڈوگر کے مستعفی ہونے کے بعدتحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو مشیر داخلہ کا قلمدان دے دیا گیا۔
وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کے مستعفیٰ ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کا قلمدان تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو سونپ دیا گیا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کے نام کی منظوری عمران خان نے دی، جس کے بعد عمر سرفراز چیمہ کو مشیر داخلہ پنجاب بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کے نئے وزیر داخلہ کے لیے مشاورت کی ۔ عمران خان سے سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے دیرینہ رہنما عمر سرفراز چیمہ ، حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال نے اہم ملاقات کی ہے۔ جس کے بعد عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ آج ہی وزیر داخلہ پنجاب کو نامزد کردیں گے۔
جس کے بعد عمران خان نے عمر سرفراز چیمہ کے نام پر اکتفا کیا ہے اور باقاعدہ ان کے نام کی مںظوری دی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی وفاق میں حکومت ختم ہونے کے بعد عمران خان نے اس وقت کے گورنر چوہدری سرور کو ہٹا کر عمر سرفراز چیمہ کو گورنر پنجاب مقرر کیا تھا۔
عمر سرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ بننے پر ان سے عہدے کا حلف لینے سے انکار کیا تھا، جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے انہیں گورنر کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔
قبل ازیں عمران خان نے شاہ محمود قریشی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس میں شہباز گل کو بطور مشیر داخلہ لگائے جانے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پارٹی کے وفادار ہیں اور پارٹی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کو ہٹائے جانے کی اندرونی کہانی:
ذرائع کے مطابق رانا ثناللہ کی عدم گرفتاری کے باعث وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر پر پارٹی قیادت کا سخت پریشر تھا۔
اس کے علاوہ ہاشم ڈوگر نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالےسے ایک بیان میں کہا تھا کہ پنجاب حکومت کا لانگ مارچ میں کوئی کردار نہیں ہوگا ۔ نہ ہی کسی قسم کا تعاون کیا جائے گا۔ جس کے بعد پارٹی رہنماؤں کی جانب سے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ہاشم ڈوگر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جس روز میں نے خود کو بے بس وزیر داخلہ محسوس کیا اور پی ٹی آئی کے منشور پر عملدرآمد نہ کراسکا تو مستعفی ہوجاؤں گا۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے وزارت سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفی ذاتی وجوہات کی بنا پہ دیا ہے۔ انشاءللہ آگے بھی پی ٹی آئی کے ادنی کارکن کے طور پہ کام کرتا رہوں گا ۔